آج بحیثیت ایکٹو ممبر میرا ون اردو پر آخری دن ہے۔ الوداعی کی پوسٹ میں ایک دوست نے کہا تھا کہ اس مقابلے میں حصہ ضرور لوں۔ وقت کی کمی تو ہے ہی لیکن کیا کریں "بھائی لوگوں کو خوش رکھنا کوئی اتنا آسان کام تھوڑے ہی ہے۔ " خیر یہ رہی میری پوسٹ، اس پوسٹ میں، میں جس کے بارے میں جیسا سوچتا ہوں یا وہ مجھے جیسا لگتا ہے اس حساب سے اس کا حال بیان ہو گا۔ چونکہ میں نے ان ممبران سے پیشگی اجازت نہیں لی اس لئے ان میں سے کسی کا نام بھی واضح نہیں کروں گا۔ بعد میں آپ کو پتا لگ جائے تو وہ اور بات ہے۔ تو شروع کرتے ہیں۔
ون اردو کے دادا جی:
انکی ہر پوسٹ ایسے لگتی ہے جیسے چھاننی سے چھانٹ کر نکالی گئی ہے۔ سنجیدہ باتیں بہت زیادہ کرتے ہیں اور جو مزاحیہ ہوتی ہیں ان پر ہنسنے سے پہلے بھی سوچنا پڑتا ہے یا ساتھ والے سے کہنا پڑتا ہے کہ ہنسنے والی بات ہوئی تو مجھے بھی بتا دینا۔ فورم کی حالت ٹھیک رکھنے کی طرف دھیان دیتے رہتے ہیں۔ اور ممبران کی اصلاح پر بھی توجہ دیتے رہتے ہیں۔ اگر یہ کسی کو یہ بھی کہیں گے نہ کہ "تمہارے لئے یہی بہتر ہے ابھی سدھر جاؤ" تو ساتھ میں ہی لکھا ہو گا " اگر میں آپ کی کچھ اور مدد کر سکوں تو بتائیے گا۔"
مس ڈینجرس گڈز:
یہ بہن ہماری بہت ہی اچھی ہیں اور میں دل سے ان کا احترام کرتا ہوں۔ بہت ہی زیادہ دور اندیش ہیں۔ ابھی تک جتنا بھی پتا لگا ہے ان کی ابھی نسبت بھی کہیں نہیں قائم ہوئی اس لئے پہلے ہی سے ڈینجرس گڈز کا کورس کر رہی ہیں۔ اللہ کرے ان کو اچھا سا دولہا ملے تا کہ ان کو ان کے اس کورس کا استعمال ہی نہ کرنا پڑے۔ پھر بھی دولہا بھائی تو راہ راست پر قائم رکھنے کے لئے ان کا یہ کورس بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ہاہاہاہاہا
مسٹر سیریس خان:
یہ بھائی بھی بڑی محبت والے ہیں۔ اور اگر ان سے کچھ پوچھ بیٹھو تو پہلے دو منٹ بالکل خاموشی سے گزریں گے۔ سوال کرنے والا سمجھے گا کہ اس نے ان کو ہرٹ کر دیا ہے۔ لیکن پھر وہ ہمارے بھائی بولیں گے اور کہیں گے " فاخرہ بتول" نے اس سیچویشن کی اس شعر میں بڑی خوبی سے منظر کشی کی ہے اور ساتھ میں پوری نظم سائل کے گوش گزار۔
بھائی سفر نامہ:
یہ صاحب بڑے ہی چست قسم کے انسان ہیں اور اتنے زیادہ چست ہیں کہ کہیں پر ان کا دس منٹ سے زیادہ ٹکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کسی تھریڈ میں بات ہو رہی ہو گی تو یہ "گواچ" جائیں گے۔ ویسے بھی یہ اکثر و پیشتر گواچے رہتے ہیں اور جب واپسی ہوتی ہے تو سب سے پہلی پوسٹ میں سفر نامہ لکھا ہوتا ہے۔
تڑکا بھائی:
یہ ہمارے ایسے بھائی ہیں کہ ہر بات پر تڑکا لگا دیتے ہیں۔ ایک دن ان کی زوجہ محترمہ نے جو سالن پکایا وہ آدھے سے زیادہ جلا ہوا تھا۔ بھائی جان بڑے غصے میں بولے کہ یہ سالن کیسے پکایا ہے۔ بھابھی تو خاموش رہیں ہاں گھر والوں کی طرف سے آواز آئی " تڑکا لگا کے " اور اس کے بعد ایک قہقہہ تھا جو رکنے کا نام نہ لیتا تھا۔
اچھے بھائی:
یہ ہمارے بھائی بہت ہی اچھے ہیں۔ ظاہر ہے تین شادیوں پر بھی نہیں سدھرنا تو پھر کب سدھرنا ہے۔ ان سے ہماری اکثر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ ایک دن بولے " عتیق بھائی آپ بھی کوئی شادی کیوں نہیں کر لیتے۔ " ہاہاہاہا
کھڑاک والے :
ان بھائی صاحب کی بھی بڑی زبردست کہانی ہے۔ ایک دفعہ اپنی بھاگاں سے ملنے گئے تو دروازہ کھڑکایا ہی تھا کہ ان کے ابا سامنے آنے پر ان کے دل کے سارے کھڑاک ہل کر رہ گئے اور وہ دن اور آج کا دن انہوں نے ٹھان لی ہے کہ اب بھاگاں کے پاس جائیں گے تو پورے "کھڑاک" کے ساتھ جائیں گے اور اسے ساتھ لے آئیں گے۔
اچھی بہن:
یہ بہن واقعی میری بہن جیسی ہی لگتی ہیں۔ ہر وقت ان کو میرے "ویاہ" کی فکر رہتی ہے۔ اور کئی بار یہ اعلانیہ بھی کہہ چکی ہیں کہ "عتیق بھائی اپنی شادی میں ہمیں مت بھولنا" اور ایک دفعہ تو یہ عتیق بھائی کھپے کا بھی نعرہ لگا چکی ہیں۔ اللہ خیر کرے۔
جیسے پہلے عرض کی تھی کہ یہ مزاحیہ تحریر ہے ، لیکن پھر بھی اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میری طرف سے " بوری بھر کر ایڈوانس میں معذرت۔" ویسے سچ پوچھیں تو مجھے جتنی محبتیں ملی ہیں ان کی بنیاد میں کہہ سکتا ہوں کہ اوپر جن جن کا بھی ذکر کیا ہے وہ اس پوسٹ پر ایک دفعہ بے اختیار ضرور ہنسیں گے۔
خوش رہیں اور دوسروں کی خوشی کی وجہ بنیں۔
اللہ حافظ۔
٭٭٭